پاکستان کیساتھ حکومت ہند کی غلط پالیسی پر تنقید

دہشت گرد سرگرمیوں کو کم کرنے میں مدد نہیں ملے گی : مایاوتی
لکھنو 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بہوجن سماج پارٹی سربراہ مایاوتی نے آج مرکز پر زبردست تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اگر بی جے پی حکومت نے پاکستان کے ساتھ غلط پالیسی یا نامعقول رویہ اختیار کیا تو اس سے دہشت گرد سرگرمیوں کو کم کرنے میں مدد نہیں ملے گی۔ پاکستان کے ساتھ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے دعویو کیاکہ اگر حکومت ہند نے پڑوسی ملکوں کے ساتھ یہی طرز عمل اختیار کرلیا تو پھر دہشت گرد کارروائیاں جاری رہیں گی۔ چاہے یہ سرحد کے اُس پار ہو یا سرحد کے اندر ہوں۔ دہشت گردی کے واقعات ہوتے رہیں گے۔ مایاوتی نے پارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہاکہ بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت نے پڑوسی ملکوں خاص کر پاکستان کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا ہے جو ایک غلط پالیسی ہے۔ اس سے قومی مفادات کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور نہ ہی اس سے دہشت گرد کارروائیاں کم ہوں گی۔ مرکز نے پڑوسی ملک کے تعلق سے جو منطقی موقف اختیار کیا ہے اور پاکستان کی جوائنٹ تحقیقاتی ٹیم کے دورہ کے پیچھے بی جے پی قائدین نے جو پالیسی اختیار کی ہے اس سے عام آدمی کو کوئی سروکار نہیں ہے لیکن مجموعی طور پر یہ مودی حکومت کی کمزوری کا مظہر ہے۔