حکومت کے حکم پر پھر ایک بار سرجیکل اسٹرائیک کریں گے : ڈائرکٹر جنرل بی ایس ایف
جے پور29جون(سیاست ڈاٹ کام ) بارڈر سیکورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرل کے کے شرما نے کہا ہے کہ ہندوستانی فوج پاکستان کے خلاف ہر سطح پر کارروائی کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہے اور اگر فوج کو حکم دیا جاتا ہے تو ایک بار پھر سرجیکل اسٹرائیک جیسی کارروائی کرسکتی ہے ۔ شرما آج یہاں پاکستان کی فائرنگ میں کشمیر کے چمبلیال میں گذشتہ 13جون کو شہید ہوئے اسسٹنٹ کمانڈنٹ جتیندر سنگھ کے رشتہ داروں سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کررہے تھے ۔ مسٹر شرما محترمہ رینو شرما کے ساتھ شہیدجتیندر سنگھ کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کی قربانی پر اپنی طرف سے خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف اور ہندوستانی آرمی ملک کی حفاظت کے لئے ہر چیلنج کا سامنا کرنے کی اہل ہے اور پاکستان کی طرف سے کی جانے والی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ذریعہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا مناسب جواب دیا گیا ہے ۔پاکستان سے دہشت گردوں کی دراندازی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ پنجاب، جموں او رراجستھان سمیت کئی علاقوں میں فوج کی چوکسی اور مسلسل کی جارہی نگرانی سے اس پر قابو لگا ہے اور اس کی روک تھام کے لئے مزید سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرمی کی چوکسی کی وجہ سے دراندازی کے واقعات پر روک لگی ہے ۔قبل ازیں شرما اور ان کی اہلیہ نے شہید جتیندر سنگھ کی اہلیہ اور ان کے گھر والوں سے مل کر آرمی کی طرف سے انہیں ہر ممکن امداد فراہم کرانے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر ان کے ساتھ بی ایس ایف جودھ پورکے ڈائریکٹر جنرل روی گاندھی ، بی ایس ایف ایس ایچ کیو بیکانیر کے ڈائریکٹر جنرل یشونت سنگھ اور کمانڈنٹ 69 بی ایس ایف کے احسان شاہدی شامل تھے ۔