انچیان ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بلند حوصلوں والی ہندوستانی ٹیم نے کٹر حریف اور دفاعی چمپیئن پاکستان کو 17 ویں ایشین گیمس کے ہاکی مقابلوں کے فائنل میں 4-2 سے شکست دیتے ہوئے 16 برس بعد ایشین گیمس میں نہ صرف گولڈ میڈل حاصل کیا بلکہ 2016ء میں ریو میں منعقد شدنی اولمپکس میں راست رسائی بھی حاصل کرلی ہے۔ جنوبی کوریا کے مقام انچیان میں منعقدہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فائنل کافی اعصاب شکن رہا اور 60 منٹ کے مقررہ 4 مراحل میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کرتے ہوئے مساوی موقف اختیار کرلیا حالانکہ پاکستانی ٹیم نے مقابلہ کے آغاز پر ہی گول بنا لیا تھا۔ سیان ہاک ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلہ کے نتیجہ کے حصول کیلئے شوٹ آوٹ کا سہارا لیا گیا جہاں ہندوستانی ٹیم نے 4-2 کے ذریعہ دفاعی چمپیئن پاکستان کو شکست دی۔ پاکستانی ٹیم نے مقابلہ کا شاندار طریقہ سے آغاز کیا
اور پہلے مرحلہ کے تیسرے منٹ میں محمد رضوان سینئر کے گول کی بدولت سبقت حاصل کرلی لیکن 27 ویں منٹ میں کوتھاجیت سنگھ نے گول کرتے ہوئے مقابلہ کو مساوی موقف میں لا کھڑا کیا۔ سروں کی تبدیلی کے بعد دونوں ٹیموں نے مقابلہ کے دیگر دو مراحل میں ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی بھی کھلاڑی اپنی ٹیم کو سبقت دلوانے میں کامیاب نہیں ہو پایا، جس کے بعد بالآخر ایشین گیمس کے 17 ویں ایڈیشن کی گولڈ میڈل ٹیم کے حصول کیلئے شوٹ آوٹ کا فیصلہ کیا گیا۔ ہندوستان کیلئے اکشدیپ سنگھ، روپیندر پال سنگھ، بریندرا لکرا اور دھرم ویر سنگھ نے گول بنائے جبکہ پاکستان کیلئے محمد وقاص اور شفقت رسول نے گول اسکور کئے۔ ہندوستان نے آخری مرتبہ 1998ء بنکاک ایشین گیمس میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔