سونی پت۔ 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) برہمی اور مایوسی کے ماحول میں بہت بڑے ہجوم میں آج بی ایس ایف جوان نریندر سنگھ کو پرنم آنکھوں سے وداع کیا ، جسے بہیمانہ طور پر پاکستانی دستوں نے جموں کے قریب بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے پاس ہلاک کیا۔ بی ایس ایف ہیڈ کانسٹیبل نریندر سنگھ کے باقیات کی ہریانہ کے سونی پت ضلع میں ان کے آبائی گاؤں تھانہ کلاں میں مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسوم انجام دی گئی۔ بھارت ماتا کی جئے کے نعروں کے درمیان نریندر سنگھ امر رہے جیسے نعرے بھی فضاء میں گونج اٹھے جبکہ ترنگا میں لپٹی ان کی میت صبح میں گاؤں کو پہنچی۔ کئی دیہاتیوں نے پاکستان کے خلاف نعرے لگائے۔ غمزدہ ارکان خاندان اور مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو اس گھناؤنی حرکت کیلئے سبق سکھایا جانا چاہئے۔ 52 سالہ بی ایس ایف جوان کے پسماندگان میں بیوہ اور دو بیٹے شامل ہیں۔