پاکستان کو پیش کردہ معلومات کا افشاء نہیں کیا جاسکتا : سی آئی سی

نئی دہلی ۔5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سنٹرل انفارمیشن کمیشن نے 2006ء کے ممبئی ٹرین دھماکوں کے ایک مجرم کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 2010ء میں ہندوستان کی طرف سے پاکستان کو پیش کردہ دستاویزات کا انکشاف نہیں کیا جاسکتا کیونکہ اس سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔ احتشام قطب الدین صدیقی نے سلسلہ وار دھماکوں میں اس کے رول پر مکوکا کی خصوصی عدالت کی طرف سے اس کو سزاء موت دیئے جانے کے چند دن بعد 17 اکٹوبر 2015ء کو وزارت امورخارجہ میں حق حصول معلومات (آر ٹی آئی) کے تحت درخواست داخل کی تھی۔ صدیقی نے ہندوستانی معتمدخارجہ نروپما راؤ کی طرف سے ان کے پاکستانی ہم منصب سلمان بشیر کو پیش کردہ تمام دستاویزات کی نقل فراہم کرنے کی استدعا کی تھی۔ باور کیا جاتا ہیکہ ہندوستان نے فروری 2010ء میں معتمدین خارجہ کی سطح پر بات چیت کے دوران پاکستان کو دستاویزات کے تین سسٹم فراہم کیا تھا۔ ممبئی میں سلسلہ وار ٹرین دھماکوں کے مقدمہ میں مکوکا کی خصوصی عدالت نے احتشام قطب الدین صدیقی اور دیگر چار ملزمین کے ساتھ سزادی تھی۔

 

دلتوں کی بدھ مت اختیار کرلینے کی دھمکی
احمد آباد۔5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ضلع امریلی میں لگ بھگ 200 دلتوں نے بدھ مت اختیار کرلینے کی دھمکی کیساتھ الزام عائد کیا ہے کہ پولیس ان کے ایک کمیونٹی ممبر کی حوالات میں دو ہفتے قبل پیش آئی موت کی منصفانہ تحقیقات میں لاپرواہی کررہی ہے۔ 29 سالہ جگنیش امریلی سب جیل میں قید تھا اور 15 جون کو سیول ہاسپٹل میں اس کی موت ہوئی۔ اگرچہ امریلی پولیس نے جگنیش کے قتل کے الزام پر 4 قیدیوں کو پکڑا ہے لیکن معاملہ میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔