اسلام آباد۔ 21 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام) عالمی ادارۂ صحت نے حکومت پاکستان کو ڈسمبر 2015ء تک پولیو وائرس کے خاتمے کا ہدف دیدیا اور کہا ہے کہ کراچی میں پولیو وائرس نے تباہی پھیلا رکھی ہے۔ لہذا کراچی میں خصوصی مہم جاری رکھ کر مطلوبہ ہدف بہرحال مکمل کیا جائے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان نے پولیو پر جلد قابو نہ پایا تو بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی مشین کے ذریعے اسکریننگ ہوگی جس میں معلوم کیا جاسکے گا کہ اُن پاکستانیوں کے جسم میں پولیو وائرس موجود تو نہیں۔ پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد اُس پاکستانی کو واپس بھیج دیا جائے گا جو ملک اور قوم کیلئے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ کراچی میں رواں سال 24 پولیو کیسوں کی تصدیق کے بعد عالمی اداروں نے حکومت سندھ کو متنبہ کیا ہے۔