واشنگٹن ۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے آج ایک بار پھر پاکستان کو انتباہ دیا ہیکہ وہ اپنی سرزمین پر موجود طالبان قائدین کو فوری نکال باہر کرے جو افغانستان کی سرحد پر دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔ پاکستان کو چاہئے کہ وہ طالبان اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے نہ دے۔ یاد رہیکہ کابل کی انٹر کانٹینینٹل ہوٹل میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی جس میں 22 افراد مارے جاچکے ہیں جس کی نہ صرف عالمی سطح پر بلکہ اقوام متحدہ نے بھی مذمت کی ہے۔ اسی سلسلہ میں وائیٹ ہاؤس سے آج ایک بار پھر پاکستان کیلئے انتباہی بیان جاری کیا گیا۔ دریں اثناء وائیٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری نے اپنی روزانہ کی نیوز بریفنگ کے دوران اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان کو انتباہ دیا ہیکہ وہ فوری طور پر طالبان کے قائدین کو یا تو نکال باہر کرے یا گرفتار کرلے تاکہ وہ اپنی تخریبی کارروائیاں انجام دینے کیلئے پاکستانی سرزمین کا استعمال نہ کرسکیں۔