اقوام متحدہ ۔ 27 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اٹھانے پر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے ’ دہشت گردی کے سائے کے بغیر ‘ سنجیدہ باہمی مذاکرات کی پیشکش کی اور اس کے لیے سازگار ماحول تیار کرنے پر بھی زور دیا ۔ پاکستانی ہم منصب نواز شریف کو نفی میں جواب دیتے ہوئے جس میں انہوں نے کشمیر میں استصواب عامہ پر زور دیا تھا ، مودی نے کہا کہ اس فورم میں یہ مسائل اٹھانا دونوں ممالک کے مابین باہمی مسائل کو حل کرنے کی سمت پیشرفت کا طریقہ نہیں ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 193 رکنی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران نواز شریف کا راست حوالہ نہیں دیا ۔ انہوں نے کل اپنی تقریر میں کشمیر کے مسئلہ پر ہندوستان کو ہدف تنقید بنایا تھا ۔ مودی نے کہا کہ پاکستان کو باہمی مذاکرات کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے جس سے دوستی اور تعاون کو فروغ مل سکے ۔ انہوں نے کہا ہندوستان اپنے پڑوسی ممالک بشمول پاکستان کے ساتھ دوستی اور تعاون کو اولین ترجیح دیتا ہے (سلسلہ صفحہ3 پر)
دنیا میں دہشت گردی کا نیا نام اور نئی اشکال ، سلامتی کونسل میں اصلاحات پر زور ، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے مودی کا خطاب
نریندر مودی نے ہندی میں تقریر کرتے ہوئے دنیا کے مختلف حصوں میں دہشت گردی میں اضافہ کا حوالہ دیا جہاں یہ لعنت ’ نئی شکل اور نیا نام ‘ اختیار کرچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک خواہ بڑا ہو یا چھوٹا اس خطرہ سے آزاد نہیں ۔ انہوں نے پاکستان کا نام لیے بغیر کہا کہ بعض ممالک اپنے علاقہ کو دہشت گردوں کی پناہ گاہ بننے یا دہشت گردی کو ان کی پالیسی کے آلہ کار کے طور پر استعمال کی اجازت دیتے ہیں ۔ نریندر مودی نے 35 منٹ کی تقریر کے دوران کئی موضوعات کا احاطہ کیا ۔ جن میں اقوام متحدہ میں اصلاحات بشمول سلامتی کونسل کی توسیع اور عالمی سطح پر جامع ترقی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی کوششیں ہونی چاہئے ۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے بین الاقوامی دہشت گردی پر جامع معاہدہ کی ضرورت پر زور دیا ۔
بین الاقوامی یوم یوگا منایا جائے
مودی نے عالمی قائدین پر بین الاقوامی یوگا منانے پر زور دیا اور کہا کہ بہتر طرز زندگی اور شعور بیداری سے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں مدد ملے گی ۔ یوگا ہندوستان کا پانچ ہزار سالہ قدیم طریقہ کار ہے ۔۔
جی 5 ، جی 20 … کیوں ؟
مودی نے نئی اصطلاح ’ جی ۔ سب کے لیے ‘ متعارف کی اور کہا کہ اقوام متحدہ کو مزید موثر اور فعال بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم مختلف جی ( گروپ ) کے تحت کام کررہے ہیں ۔ ہندوستان بھی اس میں شامل ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ جی 5 ، جی 20 کے بجائے ہم سب متحد ہو کر ’ جی ۔ سب کے لیے ‘ بنائیں ۔۔
بانکی مون سے ملاقات
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اقوام متحدہ سکریٹری جنرل بانکی مون سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستانی ہم منصب نواز شریف کی جانب سے مسئلہ کشمیر اٹھانے جانے کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس موضوع پر تبادلہ خیال کے لیے عالمی ادارہ موزوں فورم نہیں ہے ۔۔
9/11 یادگار گراونڈ زیرو کا دورہ
نریندر مودی نے 9/11 کی یادگار گراونڈ زیرو کا آج دورہ کیا اور 2001 دہشت گرد حملہ کے مہلوکین کو خراج پیش کیا ۔ اس حملہ میں تقریبا تین ہزار افراد بشمول کئی ہندوستانی ہلاک ہوئے تھے ۔ وہ 9/11 میوزیم بھی گئے ۔۔