پاکستان کو سبق سکھانے ہندوستان کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنی چاہئے : شیوسینا

ممبئی 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی جانب سے سرحد پار جموں و کشمیر میں جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزیوں پر تنقید کرتے ہوئے شیوسینا نے آج کہاکہ اگر ہندوستان بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرے تاکہ پڑوسی ملک کو سبق سکھایا جاسکے تو اِس میں کوئی غلطی نہیں ہوگی۔ 2013 ء میں پاکستان نے 347 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی تھیں۔ 2014 ء میں ایسے واقعات کی تعداد 562 ہوگئی۔ 32 ہزار افراد سرحدی علاقوں میں مقیم ہیں، اُنھیں اپنے مکانوں کا تخلیہ کرکے دیگر علاقوں میں پناہ گاہیں تلاش کرنی پڑتی ہیں۔ شیوسینا کے ترجمان روزنامہ ’سامنا‘ کے ایک اداریہ میں شیوسینا نے کہاکہ صرف ہندوستانی فوج جنگ بندی کی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دے سکتی ہے اور پاکستانیوں کو ہلاک کرسکتی ہے۔ فائرنگ اُس وقت تک بند نہیں ہونی چاہئے جب تک کہ پڑوسی ملک جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ ختم نہ کردے۔ یہ ایک چھوٹا سا ملک ہے لیکن بار بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ اگر ہندوستان بھی اُس کو سبق سکھانے کے لئے ایسا کرے تو اِس میں کوئی غلطی نہیں ہوگی۔