جئے پور۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پڑوسی ممالک سے دوستانہ تعلقات برقرار رکھنے کی کوشش کا ادعا کرتے ہوئے پاکستان کو انتباہ دیا کہ اسے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے گریز کرنا چاہئے۔ مبینہ طور پر پاکستان بار بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کررہا ہے، اس سے اسے گریز کرنا چاہئے۔ ہندوستان عام طور پر جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں کرتا ۔ ہندوستان کو اس بارے میں انتہائی فکر ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اپنے تمام پڑوسی ممالک سے دوستانہ تعلقات برقرار رکھیں۔ راج ناتھ سنگھ جئے پور میں پولیس ٹریننگ اکیڈیمیوں کے سربراہوں سے خطاب کررہے تھے۔ ملک کی تمام پولیس اکیڈیمیوں کے سربراہوں کا ایک سمپوزیم راجستھان پولیس اکیڈیمی میں منعقد کیا جارہا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے 100 دن کے دور اقتدار میں جو کارنامے کئے ہیں، ان کی ایک طویل فہرست ہے۔ بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کا مقام مزید مستحکم ہوگیا ہے۔