اسلام آبا د ۔ 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ حکومت پاکستان عمران خان زیرقیادت احتجاجیوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کررہی ہے، کرکٹر سے سیاستداں بننے والے پاکستان تحریک انصاف سربراہ نے آج سپریم کورٹ سے ملک کو انارکی سے بچانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوم خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ عمران یہاں دھرنا کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے اور متنبہ کیا کہ اگر وزیراعظم نواز شریف کی حکومت نے پرامن مخالف حکومت احتجاجوں میں خلل ڈالا تو خونریز انقلاب برپا ہوگا۔ علامہ طاہرالقادری زیرقیادت پاکستان عوامی تحریک بھی احتجاج کررہی ہے۔