نیویارک ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کو چاہئے کہ وہ امریکہ کے ساتھ شراکت داری کیلئے اپنی خواہش ظاہر کرے۔ دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ کے سلسلہ میں یہ ضروری ہے۔ وزیرخارجہ امریکہ ریکس ٹلرسن نے آج ایک انٹرویو کے دوران یہ بات کہی جسے روزنامہ نیویارک ٹائمس کے ادارتی صفحہ پر شائع کیا گیا ہے۔ ٹلرسن نے دوبارہ کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کہتا رہا ہیکہ اگست میں امریکہ کی جنوبی ایشیاء پالیسی کا انکشاف ہوگیا ہے اور اس میں پاکستان سے خواہش کی گئی ہیکہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کو اپنا شراکت دار بنانے کی خواہش ظاہر کرے کیونکہ پاکستان اپنی سرزمین پر اس سلسلہ میں زیادہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کررہا ہے۔ ٹلرسن نے کہا کہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی سے مقابلہ کیلئے پاکستان کو امریکہ کی جنوبی ایشیاء پالیسی سے تحریک حاصل کرنی چاہئے۔ اسے دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مخلوط اتحاد نے دولت اسلامیہ کو شکست دی ہے کیونکہ عراق اور شام میں دولت اسلامیہ کے خلاف ان کی کوششوں میں شدت پیدا ہوگئی تھی اور انہوں نے امریکہ جنوبی ایشیاء پالیسی سے تحریک حاصل کی تھی۔