پاکستان کشمیری نوجوانوں کو اکسا رہا ہے :مولانا اطہر

’’کشمیر میں ہندوستان سے زیادہ پاکستانی ٹی وی چینل دیکھے جاتے ہیں‘‘
جموں 27مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انجمن منہاج الرسول کے چیرمین مولانا سید اطہر دہلوی نے دعویٰ کیا ہے کہ وادئ کشمیر کی صورتحال جو پہلے سیاسی نوعیت کی تھی، اب فرقہ وارانہ رنگ اختیار کررہی ہے ۔ انہوں نے افغانستان کے حالات کے لئے پاکستان کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک (پاکستان) کشمیر میں بھی افغانستان جیسے حالات پیدا کرنے کی سمت میں کام کررہا ہے ۔ مولانا نے کشمیر میں حالات کو پٹری پر لانے کے لئے بنیاد پرست گروپوں اور پاکستان کے سوا تمام دیگر متعلقین کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کی وکالت کی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ کشمیر میں ہندوستان سے زیادہ پاکستان کی ٹی وی چینلیں دیکھی جاتی ہیں۔ اطہر دہلوی نے یہاں یو این آئی سے بات چیت میں کہا کہ ماسوائے پاکستان اور بنیاد پرست قوتوں کے تمام متعلقین کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جو افغانستان میں کیا، اس کو یہاں کشمیر میں دہرانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ میری ذاتی رائے یہی ہے کہ دہائیوں پرانی اس الجھن کو حل کرنے کے لئے کشمیر میں تمام متعلقین کے ساتھ بات چیت کی جانی چاہیے ۔اُنھوں نے کہا کہ حکومت ہندوستان کو اس اُلجھن کے حل کے لئے ناگا لینڈ طرز کے مذاکرات شروع کرنے چاہئیں۔