پاکستان کا اظہار خیرسگالی‘68ہندوستانی ماہی گیر رہا

کراچی ۔ 29اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج 68ہندوستانی ماہی گیروں کو جو مبینہ طور پر علاقائی آبی حدود کی مبینہ طور پر خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی آبی حدود میں داخل ہوگئے تھے اور گرفتار کرلئے گئے تھے ۔ پاکستانی خیرسگالی کے مظاہرہ کے طور پر آج کراچی کی لانڈھی جیل سے رہا کردیئے گئے ۔ وہ لاہو ر سے بذریعہ ٹرین واگھا سرحد روانہ کئے گئے جہاں انہیں ہندوستانی عہدیداروں کے حوالے کردیا جائے گا ۔ محکمہ داخلہ کی عہدیدار نسیم صدیقی نے کہا کہ انہیں وزارت داخلہ سے ہفتہ کے دن احکام وصول ہوئے ہیں کہ ہندوستانی ماہی گیروں کو رہا کردیا جائے ۔ان ماہی گیروں کو پولیس کی ایک گاڑی میں جس پر پردے پڑے ہوئے تھے پورے حفاظتی انتظامات کے ساتھ ایدھی فاؤنڈیشن کے ذریعہ ریلوے اسٹیشن پہنچایا گیا ۔ فاؤنڈیشن نے انہیں نقد رقم اور تحفے دیئے ۔ وطن واپسی پر ہندوستانی ماہی گیر پُرجوش نظر آرہے تھے ۔ جولائی میں 78 ہندوستانی ماہی گیر لانڈھی جیل سے رہا کئے گئے تھے ۔ تقریباً مزید 200ہندوستانی ماہی گیر لانڈھی جیل میں قید ہے ۔ گذشتہ سال ڈسمبر اور جنوری 2017ء میں حکومت پاکستان نے ہندوستانی ماہی گیروں کے دو گروپس کو مالیر اور لانڈھی جیل سے رہا کیا تھا ۔ ڈسمبر تا جنوری 12 دن میں جملہ 438 ہندوستانی ماہی گیر رہا کئے گئے تھے ۔ پاکستان اور ہندوستان کے ماہی گیر وقفہ وقفہ سے غیرقانونی طور پر ایک دوسرے کی آبی حدود میں مچھلیاں پکڑتے ہوئے بحرعرب سے گرفتار کئے جاتے ہیں جس کی وجہ سمندر میں ہندوستانی اور پاکستانی حدود کا عدم تعین ہے۔