اسلام آباد ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 3 فوجی اور 4 عسکریت پسند آج پاکستان کے شورش زدہ شمال مغربی قبائیلی علاقہ میں جھڑپ کے دوران ہلاک ہوگئے۔ فوجیوں کا تعلق قبائیلی خاصدار فوج سے تھا۔ خیبر کے علاقہ جمرود میں پیش آنے والے واقعہ میں جو 7 قبائیلی اضلاع میں سے ایک ہے اور افغانستان سے متصل سرحدی علاقہ میں ہے، 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خاصدار قبائیلیوں کی ایک فوج ہے جو زیادہ تر نیم خودمختار قبائیلی علاقوں میں پولیس کی خدمات انجام دیتی ہے۔ خیبر طالبان کا مستحکم گڑھ ہے جہاں فوج کے ساتھ ان کی اکثر جھڑپیں ہوا کرتی ہیں۔ فوج وقفہ وقفہ سے طالبان کے مورچوں پر لڑاکا ہیلی کاپٹرس سے حملے کیا کرتی ہیں۔