ممبئی 21فروری (سیاست ڈاٹ کام )شیوسینا نے آج یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پلوامہ دہشت گردانہ واقعہ کے بعد اب متوقع لوک سبھا کا انتظار نہ کیا جائے بلکہ بلا تاخیر پاکستان پر حملہ کیا جائے ۔پارٹی کے ترجمان سامنا میں لکھے گئے اداریہ میں شیوسینا نے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے امریکی اور یوروپی ممالک کے تعاون کا انتظار نہ کرنے کی مرکزی حکومت کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی جنگ کھل کر لڑنی ہو گی۔سوشل میڈیا پر جاری ہندو پاک جنگ کے تعلق سے تنقید ی جائزہ لیتے ہوئے اخبار نے لکھا ہے کہ سوشل میڈیامیں جس طرح سے پلوامہ دہشت گردانہ ہوا اور پاکستان کا ذکر کیا جا رہاہے اور پھر اس پورے معاملے کو لوک سبھا انتخابات سے جوڑے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کہ قابل مذمت ہے اور اس پر فوری روک لگنی چاہیئے نیز جس ملک میں ان واقعات کو لیکر انتخابات لڑے جانے کا رجحان ہو وہ ملک کیا اپنے دشمنوں کا مقابلہ کر سکے گا ۔سامنا نے مزید لکھا ہے کہ سری لنکا میں ایل ٹی ٹی کے خاتمہ کے بعد وہاں کی عوام نے چین کی سانس لی نیز اسامہ بن لادن کو بھی پاکستان میں مارا گیا لہذا اب ہمیں دہشت گردی کے خاتمہ کیلے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئے ۔