پاکستان پر حقائق کی پردہ پوشی کا الزام ، عمر عبداللہ

سرینگر ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ نے آج بتایا کہ پاکستان ، کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار داد سے متعلق حقائق کی پردہ پوشی کررہا ہے ۔ جس میں یہ واضح کردیا گیا ہے کہ سب سے پہلے تمام ریاستوں بشمول مقبوضہ کشمیر سے دستبرداری اختیار کرلی جائے ۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کوئی بندہ پاکستان کو یہ یاد دہانی کروائے کہ اقوام متحدہ سیکوریٹی کونسل کی قرار داد کے مطابق اسے بھی مقبوضہ کشمیر سے باہر نکل جانا ہوگا ۔ چونکہ پاکستان سے سب سے پہلے حملہ کیا تھا لہذا اسے اقوام متحدہ کی قرار داد نمبر 47 بابتہ 1948 کے مطابق پہلے دستبردار ہوجانا چاہئے ۔ اس کے برخلاف پاکستان حقائق کی پردہ پوشی کررہا ہے ۔ عمر عبداللہ جو کہ نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر ہیں ۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر بلال احمد کے بیان کے پس منظر ان خیالات کا اظہار کیا اور بتایا کہ اقوام متحدہ سیکوریٹی کونسل کی متفرق قرار دادوں میں یہ وضاحت کردی گئی ہے کہ کشمیریوں کی رائے جاننے کیلئے عالمی ادارہ کے زیر اہتمام استصواب عامہ کروایا جائے ۔۔