پاکستان پر تین سو کھرب قرض

اسلام آباد،14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان پر تین سو کھرب روپے کاقرض ہے اور ملک کو بچانے کے لئے جواب دہی بہت ضروری ہے ۔مسٹر خان نے جمعہ کو سول سروسز افسران کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر جواب دہی نہیں ہوگی تو ملک کو بچایا نہیں جاسکتا ۔ انہوں نے کہاکہ تیسری دنیا کے ملک بدعنوانی کی وجہ سے ہی غریب ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق مسٹر خان نے زور دے کر کہا کہ جب تک ہم خود میں تبدیلی نہیں لائیں گے ترقی نہیں کرپائیں گے۔ عوام سے سیاست دانوں اور بیوروکریٹوں تک سبھی کو خود میں تبدیلی لانی ہوگی۔ تبدیلی مسلسل ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہے ۔ملک پر اس وقت تین سو کھرب کا قرض ہے ۔ ہم ملک پر اس قرض کے لئے روزانہ چھ ارب روپے کا سود ادا کررہے ہیں۔ہمارے پاس ملک کو چلانے کے لئے وسائل نہیں ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو بچانے کے لئے جوابدہی اور قوم کو قرض کے بوجھ سے باہر نکالنے کے لئے تبدیلی ضروری ہے ۔