بی جے پی قائد اور رکن راجیہ سبھا سبرامنین سوامی کی اگرتلہ میں پریس کانفرنس
اگرتلہ۔30ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے سینئر قائد و راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سبرامنین سوامی نے آج پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہندوستان کی بات چیت سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ اس ملک پر آئی ایس آئی ‘ فوج اور دہشت گردوں کی حکمرانی ہے ۔ وہ اگرتلا میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم پاکستان صرف کاغذ پر ہیں ‘ ان سے جب دہشت گردوں کی پاکستان سے ہندوستان میں دراندازی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف ایک چپراسی ہے ۔ پاکستان پر آئی ایس آئی ‘ فوج اور دہشت گردوں کی حکومت ہے ۔ وزیراعظم پاکستان بننے کے بعد جاریہ سال اگست میں عمران خان نے ہندوستان سے اہم مسائل پر بات چیت کرنے سے اتفاق کیا تھا ۔ جن میں دہشت گردی اور کشمیر شامل تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تاہم ان سے بات چیت کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ اور سندھی حکومت ہند کو اب تسلیم کرسکتے ہیں ۔ پاکستان کو ایک نفسیاتی مسرت حاصل ہوگی جب ہندوستان پاکستان کے ساتھ بدگوئی کرے گا ۔ بنگلہ دیش میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان وزیراعظم شیخ حسینہ کی تائید جاری رکھے گا اور بنگلہ دیش کے عوام کی تائید بھی اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ وہ ہندو مندروں کو منہدم کرنا روکے رکھیں گے ۔ ہندو مندروں کو مسجدوں میں تبدیل نہیں کریں گے اور ہندوؤں کا مذہب تبدیل کر کے انہیں مسلمان نہیں بنائیں گے ۔ سوامی نے کہا کہ اس عمل کو برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔ این ڈی اے حکومت کی کارکردگی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس نے گذشتہ چار سال کے دوران کئی اچھے کام کئے ہیں ۔ عوام کو چاہیئے کہ اسے دوبارہ برسراقتدار لائیں تاکہ ایسی مہمات مکمل کی جاسکیں جو ہنوز نامکمل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قومی عام انتخابات دو مسائل ہندو توا اور کرپشن پر لڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں طاقتور مسائل ہیں اور 2019ء کے لوک سبھا انتخابات ہندو توا اور کرپشن کے موضوعات پر لڑے جائیں گے ۔ ہم ایک اور میعاد کی خواہش کریں گے تاکہ ادھورے کام مکمل کئے جاسکے اور ہمیںیقین ہے کہ عوام ہماری تائید کریں گے ۔ انہوں نے مسلم برادری پر زور دیا کہ تین ہندو مندر ایودھیا میں رام مندر ‘ متھرا میں کرشن مندر اور وارناسی میں کاشی وشواناتھ مندر کی تعمیر سے اتفاق کرلیں ۔