پاکستان نے کشمیر کے سنگین حالات سے چین کو واقف کروایا

اسلام آباد ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے کشمیر معاملہ کو بین الاقوامی موقف دینے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھی ہیں اور اسی سلسلہ میں اس نے آج چین کو بھی تفصیلات فراہم کیں کہ کس طرح کشمیر میں انسانی حقوق پامال کئے جارہے ہیں۔ پاکستان کے معتمد خارجہ اعزازاحمد چودھری جو اس وقت چین کے دو روزہ دورہ پر ہیں، نے حکمت عملی دورخی بات چیت میں شرکت کی اور چین کے وزیرخارجہ وانگ یی سے بیجنگ میں ملاقات بھی کی۔ پاکستان کے دفترخارجہ سے جاری ایک بیان میں یہ بات کہی گئی جس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان حکمت عملی بات چیت کے ساتویں مرحلہ کا کل آغاز کیا گیا، جہاں مسٹر چودھری نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ چینی وفد کی قیادت امورخارجہ کے نائب وزیر برائے ایشیاء کانگ ژوانگ یو نے کی جہاں مسٹر چودھری نے اپنے ہم منصب کو کشمیر میں جاری شورش پسندی، کرفیو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں جیسے سنگین معاملات سے آگاہ کیا۔