پاکستان نے فائربندی کی خلاف ورزی کی ، دو خواتین زخمی

جموں ۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں ہندوستانی سرحدی مورچوں اور شہری علاقوں کو مورٹار بموں اور خودکار اسلحہ سے فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں دو خواتین زخمی ہوگئیں ۔ ہندوستانی سپاہیوں نے پاکستانی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا ۔ دفاع کے ایک ترجمان نے کہا کہ ’’پاکستانی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھیمبرگلی میں 0415 بجے ہندوستانی فوجی چوکیوں کو چھوٹے اور خودکار اسلحہ کے ذریعہ بھی اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا ۔ پولیس عہدیداروں نے کہا کہ بالاکوٹ ذیلی سیکٹر کے باسونی کھیڑے میں ایک 35 سالہ عورت جس کی شناخت نسیم اختر کی حیثیت سے کی گئی ہے اس وقت زخمی ہوگئی جب ایک شیل اس کے گھر کے قریب پھٹ پڑا ۔ پاکستانی فوج کی طرف سے کی گئی شلباری کے نتیجہ میں ایک پانی کی ٹانکی کو بھی نقصان پہونچا ہے ۔ پاکستانی فوج کی بھاری شلباری کے سبب مقامی عوام میں سنسنی پھیل گئی تھی ۔ پونچھ میں گزشتہ روز پاکستانی فوج کے چھوٹے اسلحہ سے فائرنگ اور شلباری کے نتیجہ میں ہندوستانی فوج کے دو سپاہی زخمی ہوگئے تھے ۔ دوسری زخمی خاتون کی شناخت شکیلہ بیگم کی حیثیت سے کی گئی ہے۔