امریکہ کا پرانا راگ
سینئر بیورو عہدیدار برائے جنوبی اور وسطی ایشیائی اُمور ایلائنس جی ویلز کا ایوان کی خارجی اُمور کمیٹی میں حاضری سے قبل اہم بیان
واشنگٹن ۔20 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے پاکستان کے لئے ایک بار پھر وہی پُرانا راگ الاپنا شروع کردیا ہے کہ ملک میں موجود دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کو تباہ و تاراج کرنے میں پاکستان موثر رول ادا نہیں کررہا ہے ۔ سینئر بیورو عہدیدار برائے جنوبی اور وسطی ایشیائی اُمور ایلائنس جی ویلز نے کہاکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو اپنی جنوبی ایشیائی حکمت عملی کی اجرائی کو تقریباً ایک سال ہوچکا ہے جہاں انھوں نے ایک سال قبل بھی یہی کہا تھا کہ پاکستان دہشت گردوں کی پناہ گاہ بنا ہوا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ابتداء میں پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کے کچھ مثبت اشارے ضرور ملے تھے لیکن اُس کے بعد مکمل خاموشی چھاگئی جس سے ہمیں ( امریکہ) ایک بار پھر یہ کہنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے کہ امریکہ نے پاکستان سے جو توقعات وابستہ کر رکھی تھیں وہ اُس پر پورا نہیں اُترا ۔ امریکہ پاکستان سے صرف یہی چاہتا ہے کہ طالبان کے ایسے عناصر کو گرفتار کرلیا جائے یا انھیں ملک بدر کردیا جائے جو امن مذاکرات کی میز پر آنے سے دلچسپی نہیں رکھتے ۔ جنوبی ایشیائی حکمت عملی کے اعلان کے دس ماہ بعد بھی اگر پاکستان طالبان کے خلاف کوئی موثر اور فیصلہ کن کارروائی نہیں کررہا ہے تو اس سے کیا نتائج اخذ کئے جاسکتے ہیں ؟ ویلز ، ایوان کی خارجی اُمور کمیٹی کے سامنے پیش ہونے والی ہیں اور اس سے قبل انھوں نے اپنے پہلے سے تیارشدہ بیان میں پاکستان سے خواہش کی ہے کہ طالبان کے محفوظ ٹھکانوں کو تباہ کرنے میں وہ اپنا مکمل تعاون پیش کرے ۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی نئی جنوبی ایشیائی حکمت عملی جاری کی تھی جس میں پاکستان پر کھلم کھلا یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ طالبان کو محفوظ ٹھکانے ؍ پناہ گاہیں فراہم کرنے میں وہ اہم رول ادا کررہا ہے جبکہ پاکستان نے ہمیشہ اس کی تردید کی۔ یہی نہیں بلکہ جنگ زدہ افغانستان میں قیام امن کیلئے امریکہ نے ہندوستان سے تعاون کرنے کی اپیل کی تھی ۔ ایوان کی اُمور خارجہ کی کمیٹی نے افغانستان کے لئے امریکی پالیسیوں سے متعلق ایک سماعت کا انعقاد کیا تھا جہاں ویلز نے کہا تھا کہ پاکستان کو اس سارے معاملہ میں بہت ہی اہم رول ادا کرنا ہے ۔ انھوں نے مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے تعاون سے ہی پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایک تعمیری بات چیت ممکن ہوسکی جس کے ذریعہ امن اور یگانگت کے لئے افغانستان۔ پاکستان ایکشن پلان کو قطعیت دی گئی ۔ یہ ایک ایسی شروعات جسے امریکہ کی بھرپور تائید حاصل رہی ۔
کلثوم نواز کی حالت ہنوز نازک
لندن۔20 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیوی کلثوم نواز کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔نواز شریف کے بیٹے حسین نواز نے یہ اطلاع دی۔ لندن میں ہارلی اسٹریٹ کلینک کے باہر صحافیوں سے حسین شریف نے کہا کہ ان کے والد نواز شریف اور بہن مریم شریف کو قومی احتساب بیورونے عدالت میں پیشی سے صرف چار دن کی ہی چھوٹ دی ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق، بیگم کلثوم نواز کی حالت نازک ہے ۔ انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے ۔