پاکستان نتیجہ خیز مذاکرات کا خواہاں : چودھری

اسلام آباد ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے منظم، نتیجہ خیز اور جامع ہند ۔ پاک مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دیرینہ مسائل کی یکسوئی کی جاسکے۔ معتمد خارجہ پاکستان اعزاز احمد چودھری نے معتمد خارجہ ہندوستان ایس جئے شنکر سے نئی دہلی میں ’’ہاٹ آف ایشیاء کانفرنس‘‘ کے دوران علحدہ طور پر ملاقات کی تھی۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے ہندوستان کو اطلاع دے دی ہیکہ پاکستان تمام دیرینہ مسائل بشمول جموں و کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم کے پڑوسی ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کے نظریہ کے مطابق پاکستان چاہتا ہیکہ ہند ۔ پاک بات چیت نتیجہ خیز اور جامع ہو۔ تاہم دونوں فریقین کیلئے اس تیقن کی تکمیل کے مقصد سے بلاوقفہ بات چیت کا عمل جاری رکھنا ضروری ہے۔