اسلام آباد۔ 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان پاکستان کے گڑبڑ زدہ شمالی وزیرستان میں فائرنگ کے تبادلے سے کم از کم 6 عسکریت پسند اور ایک فوجی ہلاک ہوگئے۔ دتہ خیل کے علاقہ میں صفائی کی مہم کے دوران یہ جھڑپ ہوئی۔ دہشت گردوں کے ساتھ انکاؤنٹر میں ایک فوجی ہلاک ہوگیا جس کی فوج نے اپنے ایک بیان میں توثیق کی۔ ایک سیویلین رکن عملہ بھی اس جھڑپ میں ہلاک ہوا۔ یہ مسلسل دوسرا دن ہے جبکہ فوج کے لڑاکا ہیلی کاپٹرس نے دھماکو مادوں کا ایک ذخیرہ، پانچ گاڑیاں تباہ کردی تھیں اور 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔ کراچی سے موصولہ اطلاع کے بموجب طالبان نے بڑے پیمانے پر حملہ کرتے ہوئے بحریہ کے دفاعی اہمیت کے ایک ڈاک یارڈ پر حملہ کردیا۔ بحریہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ کم از کم 6 عسکریت پسندوں نے زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی لیکن بحریہ کے میرین سپاہیوں اور فوج کے کمانڈرس نے اس کوشش کو ناکام بنادیا۔ دو عسکریت پسند، ایک بحریہ کا عہدہ ہلاک اور 7 ملاح زخمی ہوگئے۔ 4 عسکریت پسندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔