صوبہ بلوچستان میں ہتھیار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
کراچی ۔ یکم ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی سکیوریٹی فورسیس نے صوبہ بلوچستان میں 5,000 کیلوگرام دھماکو مادوں سے لدے ہوئے ایک ٹرک کو ضبط کرلیا ہے ۔ ایک صوبائی وزیر نے آج یہ بات بتائی ۔ صوبہ بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ سکیوریٹی فورسیس نے صوبائی دارالحکومت کوئیٹہ کے قریب اس ٹرک کو روکا اور اسے ضبط کرلیا گیا ۔ مسٹر بگٹی نے بتایا کہ قبائلی علاقہ میں فوجی کارروائیوں کے بعد اس صوبہ میں داخل ہونا چاہتے تھے ۔ فوجی کارروائی میں اب تک 1200 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج اور سکیوریٹی و انٹلی جنس ایجنسیوں نے صوبہ بلوچستان میں ہتھیار اسمگل کرنے کی ناپاک کوشش کو ناکام بنادیا ہے ۔ انہوں نے ان ادعاجات کو مسترد کردیا کہ دولت اسلامیہ ( داعش ) کا اس صوبہ میں وجود ہے اور اسی کیلئے ہتھیار اسمگل کئے جا رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیوریٹی فورسیس نے کوئیٹہ میں مختلف مقامات پر کئے گئے دھاووں اور کارروائیوں میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور ہتھیار وغیرہ بھی ضبط کرلئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھاووں میں ضبط کئے گئے ہتھیاروں میں زمینی سرنگ ‘ عصری دھماکو مادے ‘ مورٹار بم ‘ اے کے 47 رائفلیں اور اسلحہ وغیرہ ضبط ہیں۔