پاکستان میں 5.1 شدت کا زلزلہ ، 3 افراد ہلاک

اسلام آباد ۔25 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ شب درمیانے درجے کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 5.1 تھی۔ اطلاعات کے مطابق اس زلزلے کا مرکز اسلام آباد سے 15 کلومیٹر شمال مشرق میں 26 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس زلزلے کے نتیجے میں ایبٹ آباد میں ایک مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں ایک خاتون اور بچے ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق اس زلزلے کے جھٹکے مشرقی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے متعدد شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔ محکمہ موسمیات کے سینئر افسر غلام رسول نے کہاکہ کہ زلزلے کے جھٹکے پنجاب اور خیبر پختون خوا کے دیگر شہروں میں بھی محسوس کئے گئے۔ یاد رہے کہ اکتوبر 2005ء میں پاکستان اور ہندوستان کے سرحدی علاقوں میں 7.6 شدت کے آنے والے زلزلے میں 73 ہزار لوگ ہلاک جبکہ 3 لاکھ 50 ہزار افراد بے گھر ہو گئے تھے۔