لاہور ۔23 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی صوبہپنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت دیگر تین شہروں فیصل آباد، ساہیوال اور ملتان کی جیلوں میں قید قتل کے 4 مجرموں کی پھانسی دیدی گئی ۔ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں دوہرے قتل کے مجرم کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ مجرم محمد عرفان نے 1991ء میں ساندہ کے علاقے میں دو افراد کو قتل کیا تھااور 2012ء میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سزائے موت کا حکم سنایا تھا ۔ سینٹرل جیل ملتان میں قید مجرم عبدالغفار کو آج صبح بھانسی دیدی گئی۔ مجرم نے 1999ء میں بیوی سمیت تین افراد کو مظفر گڑھ کے علاقے میں قتل کیا تھا۔جبکہ ساہیوال میں وزیر نامی مجرم کو اور فیصل آباد کی سینٹرل جیل میں سلیم کو پھانسی دیدی گئی ۔ سزائے موت پر پابندی ختم ہونے کے بعد اب تک 100سے زائد مجرموں کو پھانسی دی جاچکی ہے ۔