اسلام آباد، 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) یونیسف، یونیسکو اور حکومت پاکستان کی جانب سے ملک بھر کے سرکاری پرائمری اسکولوں سے متعلق رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 5 سے 9 سال کی عمر کے 32 فیصد بچے اسکول نہیں جاتے۔ اسلام آباد میں وزارت تعلیم کے ادارہ اکیڈمی آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ اور اقوام متحدہ کے ادارہ ورلڈ فوڈ پروگرام، یونیسف اور یونیسکو کی مشترکہ رپورٹ جاری کی گئی۔ ملک بھر کے پرائمری اسکولوں میں اساتذہ کی اوسطاً تعداد تین سے بھی کم ہے، 17 فیصد سرکاری پرائمری اسکولوں کے طالب علم ایک کمرے کے اسکول میں تعلیم حاصل کررہے ہیں جبکہ 8 فیصد اسکولوں کی سرے سے کوئی عمارت ہی نہیں، 35 فیصد پرائمری سرکاری اسکول بیت الخلا سے محروم ہیں، 45 فیصد اسکول بغیر بجلی جبکہ 35 فیصد بغیر چار دیواری کے موجود ہیں۔