لندن ۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج گذشتہ سال ڈسمبر میں سزائے موت یافتہ 100 ویں مجرم کو پھانسی پر لٹکا دیا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسے ایک شرمناک سنگ میل قرار دیا۔ سزائے موت یافتہ منیر حسین کو آج ویہاری جیل صوبہ پاکستانی پنجاب میں علی الصبح پھانسی پر لٹکادیا گیا۔ وہ دوہرے قتل کے جرم میں سزاء یافتہ تھا۔ اس نے اراضی کے تنازعہ پر 2000ء میں اپنے بھانجے اور بھانجی کو قتل کیا تھا۔ اس سزائے موت پر لندن میں قائم انسانی حقوق گروپ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں سب سے زیادہ سزائے موت دینے والے ملک کی حیثیت سے بدنام ہورہا ہے۔ 100 ویں سزائے موت ایک شرمناک سنگ میل ہے۔