پاکستان میں ’مِنی سائیکلون‘ 45 افراد ہلاک

پشاور ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے پشاور علاقہ میں آج ’’منی سائیکلون‘‘ اور دھواں دار بارش نے کافی تباہی مچائی، جس میں تقریبا 45 افراد ہلاک اور 200 زخمی ہوگئے جن میں نصف تعداد بچوں کی ہے۔ طوفانی بارش کی وجہ سے کئی مکانات منہدم ہوگئے اور برقی کھمبے گر گئے۔ بتایا جاتا ہیکہ طوفان نے خیبرپختون خواہ اور متصلہ علاقوں کو اپنی زد میں لے لیا جہاں عمارتیں منہدم ہوگئیں، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور برقی کھمبے گر گئے۔ بارش کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں بھی چل رہی تھی جن کی رفتار 120 کیلو میٹر فی گھنٹے سے زیادہ تھی۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق یہ صوبہ میں تیسرا بدترین قدرتی سانحہ تھا۔ بتایا گیا ہیکہ طوفان کا اثر اب ختم ہوچکا ہے لیکن بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پشاور اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ہواؤں کی رفتار 110 کیلو میٹر فی گھنٹہ بتائی گئی جس کی وجہ نوشرا اور اکبر پورہ کے علاقوں میں کئی مکانات منہدم ہوگئے اور کئی مکانات کی چھتیں اڑ گئیں جبکہ چار سدا روڈ، بادھوسمر باغ اور بدھنی علاقوں میں بھی کافی نقصانات ہوئے۔ متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کاری کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جبکہ تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کی وجہ سے ورکرس کو کافی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات نے ملکند، ہزارہ اور پشاور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور ہواؤں کے جھکڑ چلنے کی پیش قیاسی کی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں راحت کاری اقدامات تیز کردیئے گئے ہیں اور 10 ریلیف ٹیموں کی پاکستانی فوج مدد کررہی ہے۔ متاثرہ عوام کو ایک ہزار خیمے فراہم کئے گئے اس کے علاوہ غذائی پیاکیجس اور دیگر ضروری اشیاء بھی دی گئی ہے۔ متاثرین کو فوری امداد کے طور پر 13 ملین روپئے کی رقم جاری کی گئی ہے۔ کافی کوششوں کے بعد ٹریفک کیلئے سڑکیں کھول دی گئیں۔ برقی سربراہی جزوی بحال کی گئی ہے اور مابقی علاقوں میں مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے کیونکہ سارا صوبہ طوفان کی وجہ سے تاریکی میں غرق ہوگیا تھا۔