پاکستان میں ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی

اسلام آباد 8 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی پر پاکستان نے آج ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے کہاکہ ڈائرکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء و سارک) ڈاکٹر محمد فیصل نے ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کیا اور جنگ بندی کی بلا اشتعال خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ اس نے کہاکہ کھوراٹا سیکٹر میں گزشتہ روز ہندوستانی فورسیس کی مبینہ فائرنگ میں ایک خاتون زخمی ہوگئی اور کاریلا سیکٹر میں ایک 35 سالہ خاتون ہلاک ہوگئی۔ دفتر خارجہ نے کہاکہ ’’شہریوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنانا بلاشبہ افسوسناک، انسانی وقار، بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کے مغائر ہے‘‘۔ ڈائرکٹر جنرل نے ہندوستان پر زور دیا کہ وہ 2003 ء کے جنگ بندی سمجھوتہ کا احترام کرے۔ جنگ بندی کی خلاف ورزی کے اس اور دیگر واقعات کی تحقیقات کی جائیں اور ہندوستانی فورسیس کو لائن آف کنٹرول پر امن برقرار رکھنے کے لئے ہندوستانی فورسیس کو جنگ بندی کا روح و منشاء کے مطابق احترام کرنے کی ہدایت کی جائے۔ انھوں نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ اور پاکستان میں واقع اس گروپ کو اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت دیا گیا رول ادا کرنے ہندوستان کی طرف سے اجازت دینے کا مطالبہ بھی کیا۔