پاکستان میں ہندوستانی سیریئلس کے ٹیلی کاسٹ پر پابندی برخاست

لاہور ۔ 18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) لاہور ہائی کورٹ نے پاکستانی میڈیا ریگولیٹری اتھاریٹی (پیمرا) پیمرا کی جانب سے ملک میں ہندوستانی ڈرامے دکھانے کی پابندی کو ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔ پیمرا کے حکم کو پاکستانی چینل فلمیزیا کی مالک کمپنی لیو کمینیوکیشن نے چیلنج کیا تھا۔لیو کمینیوکیشن کی وکیل عاصمہ جہانگیر کا موقف تھا کہ پیمرا نے بغیر شوکاز نوٹس بھارتی ڈراموں پر پابندی لگائی۔ اس پر پیمرا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہندوستانی ٹی وی سیریئلس پر پابندی پالیسی معاملہ ہے۔چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ اگر ہندوستانی فلموں پر پابندی نہیں تو پھر ڈراموں پر کیوں ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ پیمرا کو اپنی پالیسی پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے لیو کمیونیکیشن کو ہندوستانی ٹی وی سیریئلس اور ڈرامے دکھانے کی اجازت دے دی ہے۔پیمرا کے لیگل ونگ کے ڈپٹی جنرل مینجر محسن ڈوگر نے بی بی سی کو بتایا کہ `عدالت کے فیصلے کی کاپی ملنے پر فیصلہ کریں گے کہ کیا اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنا ہے یا نہیں۔`اس سے قبل چینل فلمیزیا کے مالکان نے پیمرا کے 16 اکتوبر کے سرکیولر کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا اور عدالت سے درخواست کی تھی کہ بھارتی فلموں کی نمائش سینما گھروں میں کی جا رہی تو ٹی وی پر نشر کیوں نہیں ہو سکتیں۔لیو کمینیوکیشن کی اس پیٹیشن پر 14 فروری کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے درست لائسنس کے حامل تمام نجی چینلز کو ہندوستانی فلموں کو ٹی وی پر نشر کرنے کی اجازت دی تھی۔ یہ اجازت پیمرا کی ایک رپورٹ کے تناظر میں دی گئی تھی۔