دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف ، ہندوستان کی تردید
اسلام آباد / نئی دہلی ۔ /29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کے مابین آج پھر الفاظ کی نئی جنگ شروع ہوگئی جبکہ پاکستانی فوج نے گرفتارسابق ہندوستانی بحریہ کے آفیسر کا ویڈیو جاری کیا جس میں انہوں نے بلوچستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے ۔ ہندوستان نے اسے بے بنیاد قرار دیتے ہوئے یکسر مسترد کردیا ۔ پاکستانی فوج کے انٹرسرویسیس پبلک ریلیشنس سربراہ لیفٹننٹ جنرل عاصم باجوہ اور وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس منعقد کی ۔ اس موقع پر انہوں نے ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ کرنل بھوشن یادو نے ہندوستانی انٹلیجنس ایجنسی را کیلئے کام کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔ اسے بدامنی کا شکار صوبہ بلوچستان میں تشدد بھڑکانے کیلئے کہا گیا تھا ۔ بھوشن یادو کو پاکستان میں حال ہی میں گرفتار کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ ہندوستانی بحریہ کے عہدیدار ہیں لیکن حکومت ہند نے اس دعوی کو مسترد کردیا ہے اور کہا کہ بھوشن کا حکومت سے کوئی ربط نہیں ۔ کیونکہ وہ بحریہ سے قبل از وقت سبکدوشی ہوگئے تھے ۔ لیکن عاصم باجوا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھوشن یادو اب بھی برسرخدمت عہدیدار ہیں اور وہ 2022 ء میں سبکددش ہوگئے ۔ نئی دہلی میں سرکاری ذرائع نے بھوشن کے اس اعتراف کو مسترد کردیا اور کہا کہ یہ پاکستان کی پروپگنڈہ پالیسی ہے تاکہ خود اس کی سرزمین پر دہشت گردی کے حقیقی مسائل سے توجہ ہٹائی جاسکے ۔