پاکستان میں ہندوؤں کو ہراسانی کا سامنا

اسلام آباد ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ سندھ کے ایک مستقر میں ہندوؤں کو مسلمانوں کے ایک مقامی جماعت سے سخت ہراسانی کا سامنا ہے۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہندوؤں کو ان کے مذہبی رسوم کی ادائیگی کے لئے مشکلات پیدا کی جارہی ہیں۔ ہندو برادری نے کل محراب پور علاقہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس مستقر میں مقامی مسلمانوں کا ہالے پوٹا طبقہ انتہائی اثرورسوخ کا حامل ہے۔ بابا سروپ نامی شخص جو ایک مقامی مندر کا ٹرسٹی ہے، کی قیادت میں محراب پور ۔ ہلانی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے تحفظ فراہم کئے جانے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر بابا سروپ نے میڈیا کو بتایا کہ بالے پوٹا طبقہ کے مسلمان نہ صرف ہندو قائدین اور مندر آنے والے عقیدتمندوں کو موت کی دھمکیاں دے رہے ہیں بلکہ مندر میں ادا کی جانے والی مختلف ہندو رسومات کو ادا کرنے میں بھی رخنہ اندازی کررہے ہیں۔ احتجاجیوں کی شکایت ہیکہ پولیس بھی مسلم طبقہ کے خلاف کارروائی کرنے سے ہچکچا رہی ہے۔