پاکستان میں گرمی کی شدید لہر سے مرنے والوں کی تعداد زائد از 630ہوگئی

کراچی ۔ 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ سندھ میں خصوصی طور پر بندرگاہی شہر کراچی میں شدید گرمی کی وجہ سے فوت ہونے والوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جو تازہ ترین اطلاع کے مطابق زائد از 630ہوگئی ہے۔ ہاسپٹلس میں ہنگامی حالات کا اعلان کردیا گیا ہے۔ کراچی میں گرمی کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ درجہ حرارت 45 ڈگری سلسیس تک جا پہنچا ہے۔ صوبائی سینئر صحت عہدیدار صابرمیمن نے بتایا کہ صوبہ کے دیگر علاقوں سے مزید 8 تا 10 افراد کے فوت ہونے کی اطلاع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مجموعی اموات کی بات کی جائے تو اسکی تعداد زائد از 630 ہے۔ یہ بھی ایک عجیب اتفاق ہے کہ پڑوسی ملک ہندوستان میں بھی صرف ایک ماہ قبل گرمی کی شدید لہر میں زائد از 2000 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ کراچی کے ایک ہاسپٹل کی لیڈی ڈاکٹر سیمیں جمالی نے بتایا کہ اب تک 3000 سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا ہے جن میں سے 200 ایسے تھے جو یا تو مردہ حالت میں ہاسپٹل لائے گئے تھے یا پھر ان کی دوران علاج موت واقع ہوگئی تھی جبکہ سیول ہاسپٹل میں مزید 67 افراد کے فوت ہوجانے کی اطلاع ہے۔ ایدھی فاونڈیشن کے ترجمان انور کاظمی نے بتایا کہ اب تک ایدھی مردہ خانہ میں گذشتہ 3 دنوں کے اندر زائد از 400 نعشوں کو رکھا گیا ہے اور اب اس مردہ خانہ میں مزید نعشیں رکھنے کی گنجائش نہیں ہے۔ کراچی شہر کی آبادی 20 ملین ہے۔ اتوار کے روز یہاں کا درجہ حرارت 43 ڈگری سلسیس تک پہنچ گیا تھا جبکہ جنوب مغڑبی شہر تربت میں درجہ حرارت 49 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔