پاکستان میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد ایڈز میں مبتلا ہیں

اسلام آباد ۔26 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایچ آئی وی/ ایڈز کے جتنے کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں وہ اصل تعداد سے کہیں کم ہیں اور تقریبا ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد ایڈز کا شکار ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور سینٹر فار ڈیسیز کنٹرول ( سی ڈی سی ) کے ماہرین پر مشتمل ٹیم ایچ آئی وی / ایڈز میں اضافے کی وجوہات کی تحقیق کرے گی۔مرزا نے کہا کہ عالمی ماہرین کا 10 رکنی وفد آئندہ دو تین روز میں کراچی پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ ماہرین ہمارے مقامی ڈاکٹروں اور دیگر عملے کے ساتھ ایچ آئی وی میں اضافے کی تحقیق کریں گے تاکہ ہمیں اس کی وجوہات کا صحیح اندازہ ہوسکے اور اسے مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔