پاکستان میں چار سخت گیر دہشت گردوں کو پھانسی پر لٹکادیا گیا

اسلام آباد ۔ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج چار سخت گیر طالبان دہشت گردوں کو پھانسی پر لٹکادیا جنہیں متنازعہ فوجی عدالت سے دہشت گردی سے مربوط جرائم کا مرتکب قرار دیا تھا۔ فوجی ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ تمام چاروں کو خیبرپختونخواہ صوبہ کی ایک جیل میں سزائے موت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ چاروں دہشت گرد معصوم اور بے قصور شہریوں کو ہلاک کرنے یا پاکستان کی مسلح افواج اور لاء انفورسمنٹ ایجنسیز پر حملے کے مرتکب پائے گئے تھے جن کی شناخت رحمن الدین، مشتاق خان، عبیدالرحمن اور ظفراقبال کی حیثیت سے ہوئی ہے جو ممنوعہ تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے رکن تھے۔ یاد رہیکہ فوجی عدالت نے اب تک زائد از 160 قیدیوں کو سزائے موت سنائی ہے۔

 

پشاور میں دھماکہ، 14 ہلاک
پشاور 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شورش زدہ شمال مغربی قبائیلی علاقہ میں ایک مسافر ویان کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعہ نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجہ میں بشمول چھ بچے اور دو خواتین کم سے کم 14 افراد ہلاک اور دیگر 13 زخمی ہوگئے۔ پولیس نے کہاکہ کرم ایجنسی کونتارا گاؤں میں عصری دھماکو آلہ سے اس ویان کو نشانہ بنایا گیا۔ فوج کے شعبہ ذرائع ابلاغ انٹر سرویس پبلک ریلیشنز نے کہاکہ کرم ایجنسی کے ہیڈکوارٹرس پراچنار کو ایک ایم آئی ۔ 17 ہیلی کاپٹر روانہ کیا گیا ہے جس کے ذریعہ زخمیوں کو بغرض علاج پشاور لایا جائے گا۔ القاعدہ و طالبان سے علحدہ شدہ انتہاء پسند گروپ جمعیتہ الاحرار نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔