پاکستان میں پیغمبرکی شان میں گستاخی پر 15 عیسائی گرفتار

لاہور۔ 5 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی پولیس نے متنازعہ قانون ناموس رسالت ؐ کے تحت 15 عیسائیوں کو حراست میں لے لیا اور اقلیتی برادری کے 45 دیگر ارکان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا کہ انہوں نے مبینہ طور پر صوبہ پنجاب کے ایک گاؤں میں مسلم قبروں کی بے حرمتی کی، جس پر علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ یہ کیس ایک مقامی عالم کی جانب سے درج کرایا گیا جس نے شکایت میں دعویٰ کیا کہ عیسائیوں نے لگ بھگ 400 قبروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے لاہور سے تقریباً 150 کیلو میٹر کی دوری پر واقع فیصل آباد کے چک گاؤں کی اراضی پر قابض ہوگئے۔ یہ کیس درج کرنے پر مذمت کرتے ہوئے رائیٹس گروپ نے الزام عائد کیاکہ ناموس رسالت ؐ کا فرضی کیس ان عیسائیوں کے خلاف مسلم عالم کے دباؤ پر درج کیا گیا جبکہ وہ لوگ نہیں چاہتے کہ یہ زمین عیسائیوں کو حاصل ہو۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اس معاملہ کا جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔