پاکستان میں پولیو کے چار نئے مریضوں کی دریافت

اسلام آباد ۔ یکم نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں پولیو کے چار تازہ واقعات منظرعام پر آئے ہیں اور اسطرح جاریہ سال معذور کردینے والی اس بیماری سے متاثرین کی جملہ تعداد 235 ہوگئی ۔ اس سے یہ ظاہر ہوجاتا ہے کہ پاکستان پولیو کی بیماری سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے جو کوششیں کررہا ہے اُن میں اب تک کوئی بہتری واقع نہیں ہوئی ۔ ملک کے دارالخلافہ میں واقع نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے ایک عہدیدار نے تین نئے کیسوں کی توثیق کرتے ہوئے بتایا کہ قلعہ عبداﷲ ، کوئٹہ اور ایک معاملہ جنوبی وزیرستان کے قبائلی علاقہ سے بھی منظرعام پر آیا ہے جو افغانستان کی سرحدسے قریب ہے ۔ انھوں نے ایک انتہائی عجیب و غریب بات بتائی کہ متاثرہ مریضوں کو اُن کے والدین نے پولیو کی ٹیکہ اندازی کرنے سے روکا۔ پاکستان نے پولیو مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد یعنی 199 جو 2000 ء میں ایک ریکاڈ تھا ، کو خود ہی توڑ دیا ہے ۔ پاکستان کاشمال مغربی علاقہ اس بیماری کے وائرس کی آماجگاہ بن گیا ہے جہاں سے اب تک پولیو کے 155 معاملات سامنے آچکے ہیں۔