اسلام آباد، 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں منگل کو نا معلوم افراد کی فائرنگ سے انسداد پولیو کی ٹیموں کی حفاظت پر مامور دو پولیس ملازمین ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے والی ٹیموں کی ساتھ ڈیوٹی کی انجام دہی کے بعد دونوں پولیس ملازمین واپس جا رہے تھے کہ اْنھیں نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان میں پولیو سے بچاؤ کے خلاف چلائی جانے والی مہم میں شامل رضا کاروں
اور اُن کی حفاظت پر مامور سکیورٹی پرسونل پر حملوں میں حالیہ مہینوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان حالات میں سلامتی کے خدشات کے باعث بعض علاقوں میں کئی بار انسداد پولیو مہم موخر بھی کرنی پڑی جب کہ بعض شہروں میں اب یہ مہم غیر اعلانیہ طور پر بھی چلائی جاتی ہے۔ وفاق کے زیر انتظام سات قبائلی ایجنسیوں میں سے پانچ میں تین روزہ انسداد پولیو مہم پیر کو شروع ہوئی لیکن حکام کے مطابق شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں پولیو ٹیمیں نہیں جا سکیں گی۔ رواں سال اب تک پولیو سے متاثرہ 24 کیسوں میں سے 22 کا تعلق شمالی وزیرستان جبکہ دو کا پشاور سے ہے۔