پاکستان میں نماز تراویح کے وقت بم دھماکہ ، 4پولیس اہلکار جاں بحق

کراچی۔ 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایک مسجد کے قریب ریموٹ کنٹرول سے کئے گئے طاقتور بم دھماکہ میں 4 پولیس اہلکار جان بحق ہوگئے جبکہ 11 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ یاد رہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں بھی گزشتہ تین دنوں کے اندر یہ دوسرا بڑا دھماکہ ہے۔ کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹاؤن میں پیر کی شب جب لوگ نماز تراویح کے لئے جمع ہورہے تھے، دھماکہ اسی وقت ہوا۔ نماز کے وقت مصلیان کو تحفظ فراہم کرنے ایک پولیس ویان بھی وہاں دھماکہ سے کچھ دیر قبل ہی پہنچی تھی جسے حملہ آوروں نے نشانہ بنایا اور ریاپڈ ریسپانس گروپ کے چار اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ کوئٹہ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل رزاق چیمہ نے بتایا کہ دھماکہ میں زخمی ایک شخص کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔