پاکستان میں موبائیل سم کارڈس کی بائیو میٹرک تنقیح مکمل

اسلام آباد۔/16مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی حکام نے آج کہا کہ دہشت گرد حملوں میں موبائیل فونس کے استعمال کو ختم کرنے کے منصوبہ کے تحت 75.5 ملین سم کارڈس کی بائیو میٹرک کے ذریعہ تنقیح مکمل کرلئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس ملک میں کئے گئے کئی دہشت گرد حملوں میں نامعلوم افراد کے نام جاری کردہ موبائیل فون کنکشنس کے استعمال کے بعد بائیو میٹرک تنقیح کا طریقہ کار نافذ کیا گیا ہے۔ بالخصوص پشاور کے ایک اسکول پر طالبانی حملے میں 150 طلبہ کی ہلاکت کے بعد دسمبر میں اس طریقہ کار کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔ وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ سم کارڈس کی بائیو میٹرک تنقیح کی آخری تاریخ 15مئی مقرر کی گئی تھی اور گزشتہ روز تنقیح مکمل ہوگئی۔ پاکستان میں زیر استعمال103ملین سم کارڈس کے منجملہ 75.5 ملین سم کارڈس کی تنقیح مکمل کی جاچکی ہے۔ 27.5 ملین زیر استعمال سم کارڈس منسوخ کردیئے گئے ہیں۔