پاکستان میں ملالہ کے حملہ آوروں کی رہائی

واشنگٹن، 6 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں ملالہ یوسف زئی پر حملہ کرنے والے 10 افراد کو جیل سے رہا کردئے جانے کی اطلاع پر امریکی کانگریس کے ایک بااثر رکن نے کہا کہ اس رہائی سے پاکستانی لڑکیوں کو یہ پیام ملتا ہے کہ ان کی حکومت ان کا تحفظ نہیں کرے گی ۔ ایوان کی امور خارجہ سے متعلق کمیٹی کے صدر نشین ایڈ رائیس نے کہا کہ انہیں ان اطلاعات پر صدمہ ہوا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ ان دس عسکریت پسندوں کو رہا کردیا گیا ہے جنہوں نے ملالہ پر حملہ کیا تھا ۔ کل ہی یہ اطلاعات آئی تھیں کہ رازداری کے ساتھ ان دس افراد کو رہا کردیا گیا ۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ان عسکریت پسندوں کی رہائی سے ان تمام پاکستانی لڑکیوں کو ‘ جو تعلیم کو جاری رکھنا چاہتی ہیںیہ پیام جائیگا کہ پاکستانی حکومت ان کا تحفظ نہیں کریگی ۔ اس دوران امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ اس نے ان عسکریت پسندوں کی رہائی کے تعلق سے حکومت پاکستان سے مزید معلومات حاصل کرنے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اطلاعات ضرور ملی ہیں اور ان کی جانچ کی جارہی ہے ۔ حکومت مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ رہائی کچھ وقت قبل ہی ہوگئی ۔ کم از کم کچھ ہفتے ضرور ہوگئے ہیں۔ اس لئے ہم کو تفصیلات سے آگہی حاصل کرنا ضروری ہے ۔ امریکہ چاہتاہے کہ ان افراد کے خلاف کارروائی کی جائے جنہوں نے ملالہ پر قاتلانہ حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا تھا ۔