پاکستان میں مزید 11 قیدیوں کو پھانسی

لاہور ۔ 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی مختلف جیلوں میں قتل کے الزام میں سزائے موت پانے والے 11 ملزمین کی سزاؤں پر عمل آوری کرتے ہوئے انہیں پھانسی پر لٹکا دیا گیا۔ یاد رہے کہ صرف دو روز بعد ماہ رمضان المبارک کے آغاز پر پاکستان میں قیدیوں کی سزائے موت پر عمل آوری پر عبوری امتناع عائد رہے گا۔ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں ایک قیدی کو جبکہ راولپنڈی کی آڈیالا جیل میں تین قیدیوں کو، فیصل آباد کی سنٹرل جیل میں دو قیدیوں کو، گوجرانوالہ کی جیل میں ایک قیدی کو، سیالکوٹ ڈسٹرکٹ جیل میں ایک قیدی کو، بہاولپور جیل میں دو قیدیوں کو، ایک قیدی کو جہلم کی جیل میں اور ایک قیدی کو ڈیرہ غازی خان کی جیل میں پھانسی پر لٹکا دیا گیا اور اس طرح پاکستان میں سزائے موت پر عائد امتناع برخاست کئے جانے کے بعد پھانسی پر لٹکائے گئے جملہ قیدیوں کی تعداد 150سے تجاوز کرچکی ہے۔