اسلام آباد۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں آج سزائے موت پانے والے مزید چار قیدیوں کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا۔ اس طرح ملک میں سزائے موت بحال کئے جانے کے بعد اب تک 59 قیدیوں کو پھانسی پر لٹکایا جاچکا ہے۔ عبدالرزاق چوبان اور جلیل عرف جلال موترمجو کو صوبہ سندھ کی سکھر جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ 2003ء میں ساتویں جماعت کے ایک طالب علم کو چوہان نے ہلاک کردیا تھا جبکہ جلیل نے 1997ء میں پرانی مخاصمت کے تحت ایک شخص کو قتل کردیا تھا۔ دیگر دو قیدیوں شہباز علی اور غلام یٰسین کو بالترتیب ساہیوال کی سنٹرل جیل اور بہاولپور کی سنٹرل جیل میں پھانسی دی گئی۔
26/11 مقدمہ کی سماعت کا ایکبار پھر آغاز
اسلام آباد۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی ہائیکورٹ میں ممبئی دہشت گرد حملوں میں ملوث 7 ملزمین کے خلاف مقدمہ کی سماعت کا آج سے آغاز ہوگا کیونکہ قبل ازیں جو سماعت کی گئی تھی اس کے بعد آئندہ تاریخ 25 مارچ مقرر کی گئی تھی کیونکہ حکومت کی جانب سے حملوں کے ماسٹر مائنڈ ذکی الرحمن لکھوی کی درخواست ضمانت کو منسوخ کرنے کے لئے داخل کردہ درخواست عدالت میں ہنوز زیرتصفیہ تھی اور اسی وجہ کی بنیاد پر قبل ازیں چار سماعتوں کو ملتوی کیا جاچکا ہے جس میں گزشتہ سماعت جو 11 مارچ کو ہونے والی تھی، بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ اس مقدمہ کی سماعت کا سلسلہ پاکستان میں 2009ء سے جاری ہے۔