پاکستان میں مردم شماری کے دوسرے مرحلہ کا آغاز ، ہند و پاک فوج میں رابطہ

اسلام آباد۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی فوج سے آج ہندوستانی فوج کے اعلیٰ عہدیداروں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ اس وقت لائن آف کنٹرول پر پاکستان کے مردم شماری کرنے والے ورکرس موجود ہیں اور ان کی حرکات و سکنات کو غیرضروری طور پر مشتبہ نہ سمجھا جائے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں مردم شماری کے دوسرے مرحلہ کا کام 25 اپریل سے شروع کیا گیا ہے جو ایک ماہ تک جاری رہے گا۔ اس دوران کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب واقع اضلاع کی آبادی کا بھی اندراج کیا جائے گا۔ پاکستانی فوج کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی فوج کو لائن آف کنٹرول کے قریب سیول اور فوجی مردم شماری کرنے والے ورکرس کے بارے میں مطلع کیا گیا ہے تاکہ ان ورکرس کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ قبل از وقت اطلاع دینے کا مقصد ہی یہی ہے کہ کسی غلط فہمی کا احتمال نہ رہے کیونکہ حالیہ دنوں میں ہندوستانی افواج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کے واقعات بھی رونما ہوچکے ہیں۔ پاکستان میں مردم شماری کا پہلا مرحلہ 15 مارچ کو شروع ہوا تھا جس کا اختتام 15 اپریل کو ہوا تھا۔ مردم شماری کے اہم کام کیلئے 118,000 ورکرس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جن کیساتھ 175,000 فوجی اہلکار بھی ہیں۔