واشنگٹن ، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی حکومت کے ایک پیانل نے واشنگٹن پر زور دیا ہے کہ پاکستان کو ان ممالک میں شامل کیا جائے، جہاں آزادی مذہب کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔ پیانل کے مطابق پاکستان میں بالخصوص قادیانیوں کو نسلی امتیاز کا سامنا ہے۔ واضح رہیکہ قادیانیوں کو خارج از اسلام قرار دیا گیا ہے ۔یو ایس کمیشن برائے آزادیٔ مذہب نامی اس بین الاقوامی ادارے نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بیان کیا ہے کہ ایسے ممالک جنہیں امریکہ نے اس مخصوص حوالے سے ابھی تک بلیک لسٹ نہیں کیا ہے،
ان میں پاکستان کی صورتحال سب سے زیادہ خراب ہے۔ آزادیٔ مذہب کی خلاف ورزی کرنے پر امریکہ نے آٹھ ممالک کو ناپسندیدہ قرار دے رکھا ہے۔ اس فہرست میں شامل ممالک اگر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے میں ناکام رہتے ہیں تو واشنگٹن حکومت ان پر پابندیاں عائد کر سکتی ہے۔ یہ کمیشن حکومت کو صرف تجاویز دیتا ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ سازی میں اس کا کوئی کردار نہیں ہے۔ اس پیانل کے بقول گزشتہ برس پاکستان میں آزادیٔ مذہب کے حوالے سے صورتحال مزید خراب ہوئی ہے۔