پاکستان میں لاپتہ سکھ نوجوان کی ہندوستان کو حوالگی

لاہور ۔ 24 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک 24 سالہ ہندوستانی سکھ جو بیساکھی تہوار کے دوران پاکستان میں لاپتہ ہوگیا تھا اور بعد ازاں اپنے ایک فیس بک دوست کے مکان میں پایا گیا تھا ، کو آج واگھا سرحد پر ہندوستانی حکام کے حوالے کردیا گیا ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے خصوصی اجازت ملنے کے بعد ایواکیوٹی ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ (ETPB) نے آج امرجیت سنگھ نامی سکھ نوجوان کو واگھا سرحد پربارڈر سکیورٹی فورس (BSF) کے حوالے کردیا ۔ ای ٹی پی جی ترجمان امیرہاشمی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ امرجیت سنگھ پیدل چلتے ہوئے واگھا سرحد سے ہندوستان میں داخل ہوا ۔ وہ دیگر 1700 سکھ زائرین کے ساتھ 12 اپریل کو بیساکھی تہوار منانے کیلئے پاکستان آیا تھا لیکن اُس کی گمشدگی کا پتہ اُس وقت چلا جب اُس ٹیم نے جس کے ساتھ وہ پاکستان آیا تھا ، 21 اپریل کو واپسی کے سفر کیلئے جب بس مسافرین کی گنتی کی تو ایک مسافر لاپتہ تھا جو امرجیت سنگھ تھا ۔