اسلام آباد۔ 26؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ کم از کم 20 عسکریت پسند پاکستان کے قبائیلی علاقہ میں جیٹ لڑاکا طیاروں کی بمباری سے آج علی الصبح ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے۔ فضائی حملے سپاہ، ملک دین خیل اور نالاسرکاس کے علاقوں میں جو خیبر پختون خواہ میں واقع ہیں، موجودگی کی اطلاع ملنے پر کئے گئے تھے۔ ایک فوجی عہدیدار نے کہا کہ 20 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے اور ان کے 5 پوشیدہ ٹھکانے تباہ کردیئے گئے، تاہم ان اطلاعات کی آزادانہ ذرائع سے توثیق نہیں ہوسکی، کیونکہ جن علاقوں پر حملے کئے گئے تھے، وہ دُور افتادہ ہیں اور آزاد ذرائع ابلاغ کی وہاں تک رسائی نہیں ہے۔ قبل ازیں جاریہ ماہ کے اوائل میں پاکستانی فوج نے خیبر پختون خواہ کے علاقہ میں کارروائی کا آغاز کیا تھا جو ہنوز جاری ہے۔ فوج قبائیلی علاقوں میں موجود طالبان سے برسرکار ہے۔ وسط جون میں وزیرستان میں بھی کارروائی شروع کی گئی ہے۔