لاہور 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دو نامعلوم بندوق برداروں نے پاکستان کے ایک سینئر تجزیہ نگار اور قلمکار رضا رومی پر فائرنگ کردی جو طالبان کے زبردست ناقد ہیں۔ اتفاق کی بات یہ ہوئی کہ حملہ میں رضا رومی بچ گئے لیکن اُن کا ڈرائیور ہلاک اور گارڈ زخمی ہوگیا۔ دریں اثناء لاہور پولیس ترجمان نایاب حیدر نے میڈیا کو بتایا کہ گارڈن ٹاؤن کے قریب راجہ مارکیٹ میں دو موٹر سائیکل سواروں نے رومی کی کار کا راستہ روک لیا اور اندھا دھند فائرنگ کردی جس میں رومی بال بال بچ گئے
لیکن اُن کے ڈرائیور مصطفی اور گارڈ انور شدید طور پر زخمی ہوگئے جنھیں فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں مصطفی زخموں سے جانبر نہ ہوسکا اور انور کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ میڈیا میں رضا رومی کو طالبان کے زبردست ناقد کے طور پر دیکھا جاتا ہے وہ ہمیشہ کھلم کھلا طالبان پر تنقید کیا کرتے ہیں۔